ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا میں امسال ٹیپو سلطان جینتی منانے سے گریز کرنے ریاستی بی جے پی صدر کا مشورہ

کرناٹکا میں امسال ٹیپو سلطان جینتی منانے سے گریز کرنے ریاستی بی جے پی صدر کا مشورہ

Wed, 19 Oct 2016 05:53:36    S.O. News Service

بنگلورو۔19/اکتوبر(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے ریاستی حکومت کی طرف سے 10/ نومبر کو محکمہ کنڑا اینڈ کلچر کے ذریعہ ٹیپو سلطان جینتی منانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں  فی الوقت نظم وضبط کے حالات ٹھیک نہیں ہیں، اسی لئے اس بار ٹیپو سلطان جینتی منانے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا ہے کہ ریاست بھر میں سنگین خشک سالی کی صورتحال سے دو چار کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے جائیں۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت خشک سالی سے نمٹنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔نظم وضبط کا نظام پوری طرح درہم برہم ہوچکا ہے، عوام سکون وچین سے زندگی بسر کرنے سے محروم ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں روزانہ قتل، لوٹ مار، راہزنی وغیرہ کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ خود کشی کے معاملات بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں، حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ خشک سالی کی وجہ سے ریاست کے عوام بدحال ہوچکے ہیں۔ان کے مفادات کی حفاظت کیلئے حکومت کو فوراً مداخلت کرنی چاہئے اور معاوضہ کے طورپر انہیں رقم فراہم کرنی چاہئے۔ساتھ ہی ان کسانوں نے جو بھی قرضہ جات حاصل کئے ہیں انہیں فوری طور پر معاف کردئے جائیں۔

سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر وی سرینواس پرساد کے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرینواس پرساد نے وزارت سے برطرفی کے درد کو برداشت نہ کرتے ہوئے استعفیٰ دیا ہے۔ اسپیکر کے بی کولیواڈ کو ان کا استعفیٰ منظور کرلینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے بیشتر علاقوں میں فصلیں تباہ ہوتی جارہی ہیں، حکومت کو فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے راحت کاری کی طرف متوجہ ہونا چاہئے۔ہر معاملہ کیلئے مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرانے کی بجائے حکومت کو اپنے طور پر قرضہ جات معاف کرنے کی پہل کرنی چاہئے۔ 
 


Share: